اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت پاکستان نے حوثیوں کے خلاف پاک فضائیہ کے ممکنہ استعمال سے متعلق عالمی میڈیا میں سامنے آنے والی خبر کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک کے مطابق پاک فضائیہ کو حوثیوں کے خلاف کارروائی میں استعمال کیے جانے سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹ میں کوئی حقیقت نہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات حقائق کے منافی ہیں۔
حکومت نے عالمی میڈیا کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو بنیاد بنا کر پاکستانی مسلح افواج کے ممکنہ استعمال کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔وزارت اطلاعات کے مطابق دفاعی معاہدے کی موجودگی کو کسی مخصوص فوجی کارروائی یا پاکستانی افواج کی بیرون ملک تعیناتی سے جوڑنا درست نہیں۔ حکومت نے میڈیا اداروں پر زور دیا ہے کہ حساس دفاعی معاملات پر رپورٹنگ کرتے وقت مصدقہ معلومات کو بنیاد بنایا جائے۔






